نئی دہلی،3؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعہ کے روز ایک بار پھر کورونا وائرس کے ٹیکے کی عدم فراہمی پر مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جون میں ٹیکہ کاری فیسٹیول منانے والی حکومت اب جولائی کا مہینہ شروع ہونے کے باوجود ویکسین کی فراہمی نہیں کر سکی ہے۔ راہل گاندھی نے اس تعلق سے کیے گئے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’جولائی کا مہینہ آگیا، ویکسین نہیں آئی۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے ’ہیش ٹیگ وہیئر آر ویکسینز‘ لکھا ہے، یعنی ویکسین کہاں ہے۔
واضح رہے کہ راہل گاندھی کورونا وائرس کے ٹیکے کی کمی کی وجہ سے حکومت پر مسلسل حملہ کرتے رہے ہیں۔ پہلے انہوں نے 18 سے 45 سال کی عمر کے لوگوں کو ٹیکے لگانے کی ذمہ داری ریاستوں کے سپرد کرنے پر اعتراض کیا اور اب جب مرکزی حکومت نے مفت ٹیکہ کاری کی مہم شروع کی ہے، تو وہ یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اس دھیمی رفتار سے ملک کی پوری آبادی کو دسمبر تک ٹیکے کیسے لگائے جاسکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت پہلے ٹیکے کی قلت دور کرے۔